Clicky

ہوم / ممالک / آسٹریلیا / محمد عامرکی لگاتار41میڈن بالز،اسٹیون اسمتھ کے نئے ریکارڈز

محمد عامرکی لگاتار41میڈن بالز،اسٹیون اسمتھ کے نئے ریکارڈز

پاکستان اور آسٹریلیاکے درمیان برسبین میں کھیلے جارہے پہلے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میچ کا پہلا روز انتہائی سنسنی خیز تھا جب کینگروزنے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے تین وکٹوں کے نقصان پر 288رنز بنالئے۔

اس میچ میں پہلے دن بننے والے ریکارڈزاورتبدیل ہونے والے اعدادوشمار ذیل میں پیش کئے جارہے ہیں۔

محمد عامرنے لگاتار41گیندوں پر رن نہ بننے دیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے برسبین ٹیسٹ کے پہلے روز آسٹریلوی بلے بازوں کے خلاف انتہائی نپی تلی بولنگ کرائی ، لیفٹ آرم پیسرنے لگاتار41 گیندوں پر حریف بلے بازوں کو کوئی رن بنانے کا موقع نہ دیاجن میں لگاتار چھ میڈن اوورزبھی شامل ہیں۔ وہ برسبین ٹیسٹ کے پہلے واحد پاکستانی بولر تھے جنہوں نے 3رنز فی اوورسے کم اکانومی ریٹ سے رنز دئیے۔

اسٹیون اسمتھ سنچریوں کی دوڑمیں سب سے آگے نکل گئے

آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے پاکستان کے خلاف برسبین ٹیسٹ کے پہلے روزآئوٹ ہوئے بغیر110رنزبناکر کیریئر کی 16 ویں سنچری مکمل کرلی۔انہوں نے اپنی تمام سنچریاں 2013ء کے آغاز سے ہی اسکورکی ہیں جو اس عرصے میں کسی بھی بلے باز کی سب سے زیادہ ٹیسٹ سنچریاں ہیں جن کے بعد ڈیوڈوارنر اوریونس خان 13،13 سنچریوں کے ساتھ موجود ہیں۔

16سنچریوں تک پانچویں تیزرسائی

آسٹریلوی کپتان اسٹیون اسمتھ نے پاکستان کے خلاف برسبین ٹیسٹ کے پہلے روز سنچری مکمل کرکے محض88ویں اننگزمیں 16ویں سنچری اسکورکرلی جو ٹیسٹ تاریخ میں کسی بھی بلے بازکی اتنی سنچریوں تک تیزترین رسائی ہے۔

اس فہرست میں آسٹریلوی بلے باز ڈان بریڈمین سب سے آگے ہیں جنہوں نے 48ویں اننگز کھیل کر اپنی سنچریوں کی تعداد16تک پہنچادی تھی۔جن کے بعد ہربرٹ اسٹکلف (62)، میتھیوہیڈن (77)، سنیل گواسکر(79)اور نیل ہاروے (81اننگز)موجود ہیں ۔

اسٹیون اسمتھ پہلی اننگزکادوسراکامیاب ترین بلے باز بن گیا

پاکستان کے خلاف برسبین ٹیسٹ کے پہلے روزناقابل شکست 110*رنزکی اننگزکی بدولت اسٹیون اسمتھ نے ٹیسٹ میچوں کی پہلی اننگزمیں اپنی اوسط 94.66تک کرلی ہے جو پوری ٹیسٹ تاریخ میں ٹیسٹ میچوں کی پہلی اننگزمیں کم ازکم تین بار بیٹنگ کرنے والے بلے بازوں میں دوسری بہترین اوسط ہے۔

اسٹیون اسمتھ نے ڈے اینڈ نائٹ فرسٹ کلاس میچوں میں سب سے زیادہ 3 سنچریاں اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے
اسٹیون اسمتھ نے ڈے اینڈ نائٹ فرسٹ کلاس میچوں میں سب سے زیادہ 3 سنچریاں اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے

جن کے آگے صرف ڈان بریڈمین موجود ہیں جنہوں نے 113.66کی اوسط سے رنزبنائے تھے۔ اسٹیون اسمتھ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگزمیں مجموعی طورپر12 سنچریاں اسکورکی ہیں جو رکی پونٹنگ،اسٹیووااورمائیکل کلارک کے بعد کسی بھی آسٹریلوی بلے بازکی ٹیسٹ میچوں کی پہلی اننگزمیں سب سے زیادہ سنچریاں ہیں۔

ڈے اینڈنائٹ ٹیسٹ میچوں میں سب سے زیادہ سنچریاں:

آسڑیلوی کپتان اسٹیون اسمتھ برسبین ٹیسٹ کے پہلے روز 110رنزبناکرناٹ آئوٹ رہے۔جس کی بدولت وہ ڈے اینڈ نائٹ فرسٹ کلاس میچوں میں سب سے زیادہ سنچریاں اسکور کرنے والے بیٹسمین بن گئے۔اس سے قبل انہوں نے اکتوبر2015ء میں پہلے ڈے اینڈنائٹ ٹیسٹ میچ میں 152*رنزبنائے تھے جبکہ دوماہ قبل شیفیلڈشیلڈ ٹرافی کے میچ میں انہوں نے نیوسائوتھ ویلز کیلئے کھیلتے ہوئے 117رنزکی اننگز کھیلی تھی۔

اسٹیون اسمتھ کی پاکستان کیخلاف اولین سنچری

اسٹیون اسمتھ نے پاکستان کے خلاف کیرئیر کی اولین ٹیسٹ سنچری اسکورکی،اس سے قبل آٹھ اننگزمیں اُس کا بہترین اسکور 97رنزتھا۔اس سنچری کی بدولت انہوں نے اُن تمام سات ممالک کے خلاف سنچریاں اسکورکرنے کا اعزاز حاصل کرلیاہے جن کے خلاف وہ ٹیسٹ میچز کھیلے ہیں۔صرف بنگلہ دیش اور زمبابوے ہی دو ایسے ممالک ہیں جن کے خلاف وہ اب تک کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلے۔

رواں ہفتے کھیلے گئے میچوں میں بننے اور ٹوٹنے والے تمام ریکارڈزاور تبدیل ہونے والے اعدادوشمار کی مکمل تفصیل ہفت روزہ ’اسپورٹس لنک‘ میں شائع کی جائے گی۔

loading...

یہ متعلقہ مواد بھی پڑھیں

50ویں پاک- ویسٹ انڈیز تاریخی ٹیسٹ کا آج آغاز

پاکستان اور ویسٹ انڈیزکے درمیان 50ویں تاریخی ٹیسٹ کا آج جمیکا میں آغاز ہورہاہے۔آج کیربیئنزپاکستان …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے