Clicky

ہوم / پی ایس ایل 2017ء / بریڈہیڈن نے کامران اکمل کی شانداراننگزضائع کرادی

بریڈہیڈن نے کامران اکمل کی شانداراننگزضائع کرادی

اسلام آباد یونائیٹڈ کے آسٹریلوی وکٹ کیپربریڈہیڈن 73رنزکی جارحانہ اننگزکھیل کر اپنی ٹیم کو 18اوورزمیں مقررہ173 رنزکا ہدف عبور کرانے میں کلیدی کردار اداکیا۔

آئی پی ایل2کا آغاز میچ کی پہلی ہی گیندپروکٹ گرنے سے ہوا جب پشاورزلمی کے اوپنرمحمد حفیظ کی اسلام آبادیونائیٹڈکے فاسٹ بولر محمد عرفان کی پہلی گیند پرسلپ میں کھڑے شرجیل خان کوکیچ تھماکے چلتے بنے۔بعدازاں ون ڈائون پوزیشن پر آنے والے کامران اکمل نے ڈاوڈملن کے ساتھ 122 رنزکی شاندار شراکت قائم کرکے اپنی ٹیم کو مشکلات سے نکالا۔

اس دوران ساتویں اوورمیں سعیداجمل بولنگ کرانے آئے تو کامران اکمل نے پہلی دو گیندوں پر چوکے اور چھکے کے ساتھ اُن کا ’’استقبال‘‘ کیا۔بعدازاں ان کے اگلے اوورمیں ڈاوِڈملن اور کامران اکمل نے ایک ایک چھکا لگایا۔اس سے قبل آٹھویں اوورکے دوران ہی کامران اکمل نے محض29 گیندوں پر اپنی ففٹی مکمل کرلی تھی۔

12ویں اوورمیں ڈاوِڈملن 43رنزبناکرآئوٹ ہوئے تو کوئی دوسرابیٹسمین کامران اکمل کا زیادہ ساتھ نہ دے سکاجس کے سبب گیارہ اوورمیں120/1کا مجموعہ حاصل کرنے والی ٹیم اگلے 9اوورزمیں صرف70رنزبناسکی جبکہ 15ویں اوور کی تیسری گیندپر 48گیندوں پر چھ چوکوں اوراتنے ہی چھکوں کی مددسے 88رنزبنانے والے کامران اکمل کے آئوٹ ہوجانے کے بعد اگلی 27گیندوں پر 40رنز بن سکے۔

ڈیرن سامی ایک چھکے جبکہ شاہد آفریدی محض ایک چوکے سے آگے نہ بڑھ سکے۔کرس جارڈن نے ایک چوکے اور چھکے کی مددسے دس گیندوں پر ناقابل شکست16رنزکی بدولت اپنی ٹیم کا مجموعہ 190/9تک پہنچادیا۔اسلام آبادیونائیٹڈ کی جانب سے شین واٹسن نے چار،محمد عرفان اور محمد سمیع نے دودوجبکہ سعیداجمل نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اسلام آبادیونائیٹڈکی اننگزکا آغاز ڈیوین اسمتھ نے جنید خان کو چوکے کے ساتھ کیا جبکہ اس اوورمیں تین چوکوں کی بدولت اُس نے پہلے اوورمیں14رنز بٹورے۔دوسرے اوورمیں حسن نے ایک رن بنانے والے شرجیل خان کو ایل بی ڈبلیوکیا تو پشاورزلمی کے میچ جیتنے کے امکانات بڑھ گئے۔

پشاورزلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کامیچ افتتاحی تقریب کے سبب تاخیر سے شروع ہوا
پشاورزلمی اور اسلام آباد یونائیٹڈ کامیچ افتتاحی تقریب کے سبب تاخیر سے شروع ہوا

اسلام آبادیونائیٹڈکی اننگزکے دوران ہونے والی بارش کے سبب وقت ضائع ہوجانے کے سبب اسلام آبادکی ٹیم کو 20 اوورزمیں191رنزکے بجائے18اوورزمیں173رنزکا ہدف دیا گیا۔

ون ڈائون پوزیشن پر آنے والے بریڈہیڈن نے وکٹ پر قدرے’’سستانے‘‘کے بعد ساتویں اوورسے اپنا لاٹھی چارج شروع کیااورپھر12ویں اوورکی دوسری گیندپر حسن علی کو چھکا لگاکر 30ویں گیندپر اپنی ففٹی بھی مکمل کرلی ،پھر اگلے اوورمیں اُس نے جنید خان کے اوورمیں دوچوکوں او ر ایک چھکے سمیت 17رنزبناکر اپنی ٹیم کا مجموعہ118/1تک پہنچادیا۔ اس وقت اسلام آبادکو30 گیندوں پر مزید55رنز درکار تھے۔

14ویں اوورکی پہلی گیندپرکرس جارڈن نے39 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور تین چھکوں کی مددسے 73رنزبنانے والے بریڈہیڈن کو کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ کرادیا تو میچ دلچسپ بن گیا۔اس موقع پر ڈیوین اسمتھ اور شین واٹسن نے رنز آنے بڑھانے کی ذمہ داری اُٹھالی۔

16ویں اوورکے خاتمے پر147/2رنزبنانے والی اسلام آبادیونائیٹڈکو اگلی 12گیندوں پر 26رنزدرکارتھے تو شین واٹسن نے دوسری گیندپر اسٹرائک ملنے پر جنید خان کو لگاتار دو چھکوں کے بعد اگلی گیندپر چوکالگاکر میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ جنید خان اوورکی آخری گیندپر55رنز بنانے والے ڈیوین اسمتھ کی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے مگر اس کا میچ پر کوئی اثرنہ پڑا۔

اسلام آبادکو آخری اوورمیں سات رنز درکارتھے ،سام بلنگزنے ایک وائیڈبال کی مددسے پہلی تین گیندوں پر پانچ رنز بنانے کے بعدچوتھی گیندکوبائونڈری لائن کی راہ دکھاکر اپنی ٹیم کو دوگیندیں قبل سات وکٹوں سے فتح دلادی۔

پشاورزلمی کی جانب سے جنید خان،حسن علی اور کرس جارڈن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔39گیندوں پر73رنزکی شاندار اننگزکھیلنے والے اسلام آبادیونائیٹڈ کے بریڈہیڈن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیاگیا۔ یہ پی ایس ایل مقابلوں میں اسلام آباد یونائیٹڈکی مسلسل چھٹی فتح ہے۔

loading...

یہ متعلقہ مواد بھی پڑھیں

+50 اوپننگ شراکتیں،پاکستان ٹیم سب سے آگے نکل گئی

ویسٹ انڈیزکے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں احمد شہزاد اور کامران اکمل نے 85 …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے